ریلوے میں کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہو گی، وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق

Saad Rafique

Saad Rafique

لاہور (جیوڈیسک) ریلوے کے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کرپشن کرنے والوں سے ہر صورت میں نمٹیں گے، کوئی گٹھ جوڑ اور اجارہ داری برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کوئی سیاسی بھرتی ہوگی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ انہوں نے اپنی کشتیاں جلادی ہیں۔

ریلوے حکام اور ملازمین بھی اپنی کشتیاں جلادیں، واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہے، جنگی بنیادوں پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دار افسران خود کو ٹھیک کرلیں، اس سے پہلے کے ہاتھ ان کے گریبان تک پہنچے، وہ کچھ کر گزرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

ہاتھوں میں ہاتھ ڈال لیں تو ریلوے کو بحران سے نکالا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے اعلان کیا کہ وہ بطور وزیر کوئی تنخواہ یا ٹی اے ڈی اے نہیں لیں گے اورنہ ہی ان کے دور میں کوئی سیاسی بھرتی ہوگی۔ انہوں نے ریلوے افسروں سے ہاتھ اٹھواکر ایمانداری اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کا حلف بھی لیا۔