راجن پور: چھوٹو گروپ آٹھ یرغمال پولیس اہلکاروں کو لے کر فرار

Rajan Pur Police

Rajan Pur Police

راجن پور (جیوڈیسک) راجن پور کے علاقے روجھان میں پولیس اور ڈاکوں کے درمیان مذکرات میں ناکامی کے بعد چھوٹو گروپ آٹھ یرغمال پولیس اہلکاروں کو لے کر فرار ہو گئے ہیں. پولیس ڈاکوں کے تعاقب میں ہے۔ ڈی پی او سہیل چٹھا کے مطابق مذاکرات میں ناکامی کے بعد چھوٹو گروپ کے ڈاکو آٹھ یرغمال پولیس اہلکاروں کو لے کر فرار ہوگئے ہیں اور فی الحال پولیس اِن کا پیچھا کرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کچا جمال کے علاقے میں دو پولیس چوکیوں کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈاکوں کے قبضے سے چھڑا لیا گیا ہے۔ پولیس نے آج ڈاکوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنا تھا اور اس مقصد کے لئے گن شپ ہیلی کاپٹر بھی منگوائے گئے تھے۔ پولیس نے یرغمالی اہلکاروں کو چھڑانے کے لیے رینجرز کی مدد بھی طلب کر لی گئی ہے۔

راجن پور میں کچا جمال کے علاقے میں گذشتہ چار روز سے دو پولیس چوکیوں پر ڈاکو قابض تھے اور انہوں نے نو پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنا رکھا ہے۔ ڈاکووں کے قبضے میں جاں بحق ہونے والے ایک اہلکار کی لاش پولیس حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔

ڈاکو غلام رسول چھوٹو کا کہنا ہے کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ہمارے مطالبات مانے جائیں۔ پولیس ہمارے تین ساتھیوں کو رہا کرنے کے ساتھ ساتھ کچا جمال کی دونوں چوکیوں سے بھی دستبردار ہو جائے۔