راجن پور : کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ پھر متحرک

Rajan Pur

Rajan Pur

راجن پور(جیوڈیسک) راجن پور سیلاب کا پانی کم ہوتے ہی راجن پور میں دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں ایک بار پھر غلام رسول چھوٹو گینگ کے متحرک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ چھوٹو گینگ نے تین ماہ پہلے پولیس چوکیوں پر حملہ کر کے آٹھ پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا لیا تھا، جن کی رہائی کے لئے پنجاب پولیس نے آٹھ روز تک گینگ کا محاصرہ کیے رکھا۔ مذاکرات کے بعد پولیس اہلکاروں کی رہائی تو عمل میں آئی لیکن چھوٹو گینگ پولیس کے ہاتھ نہ آیا۔

علاقے کے رہائشیوں کے مطابق اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی اور رہزنی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث یہ گینگ کچا کراچی، کچا میانوالی، کچا جمال میں کارروائیاں کر رہا ہے۔ ذرائع کی ٹیم اس علاقے میں پہنچی تو مبینہ طور پر جرائم پیشہ افراد کی طرف سے فائرنگ بھی کی گئی۔ علاقے کے لوگوں کے مطابق، چھوٹو گینگ نے دریائی جزیروں میں اینٹی ایئر کرافٹ گنز سمیت جدید ترین اسلحہ رکھا ہوا ہے، زیر زمین بنکر بھی بنا رکھے ہیں جہاں مغویوں کو رکھا جاتا ہے۔جبکہ علاقے میں حکومت کی رٹ نظرنہیں آتی۔