ریپڈ فورس کیلیے امریکی ہیلی کاپٹر استعمال میں لانے کا فیصلہ، پیشگی اجازت رکاوٹ

Helicopter

Helicopter

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت کی جانب سے عسکریت پسندی کے واقعات سے نمٹنے کیلیے فیڈرل ریپڈ ری ایکشن فورس کو موثر بنانے کی خاطر وزارت داخلہ کے پاس موجود ہیلی کاپٹروں کا بیڑا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے مگر ان ہیلی کاپٹروں کو استعمال کرنے سے پہلے امریکی سفارتخانے سے منظوری انسداد دہشت گردی آپریشن میں بڑی رکاوٹ بن گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹرز کو امریکی سفارت خانے سے اجازت لیے بغیر استعمال کرنے کا اختیار وزار ت داخلہ کے پاس نہیں ہے، کسی بھی قسم کے آپریشن یا نگرانی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کو فضائی مدد فراہم کرنے کیلیے وزارت داخلہ کو امریکی سفارت خانہ سے اجازت لینا پڑتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران سرحدوں پر سیکیورٹی، عسکریت پسندوں کی نقل وحرکت کی نگرانی اور ان کی غیر قانونی سرحد پار آمد ورفت روکنے کیلیے وزارت داخلہ کو 14 ہیلی کاپٹر فراہم کیے تھے اور طے یہ پایا تھا کہ ان ہیلی کاپٹر ز کی مرمت سمیت تمام اخراجات امریکی حکومت برداشت کر ے گی تاہم ان ہیلی کاپٹرز کو امریکی سفارتخانے کی منظوری کے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکے گا، سابق ادوار میں وزارت داخلہ ان ہیلی کاپٹرز کو طے شدہ قواعد کے تحت استعمال کرتی رہی ہے۔