ایفی ڈرین کیمیکل نہ ملنے سے دواؤں کی تیاری مشکل ہوگئی، مریض جعلی دوائیں خریدنے پر مجبور

Ephedrine

Ephedrine

کراچی (جیوڈیسک) ادویہ ساز اداروں کو ایفی ڈرین کا کوٹہ نہ ملنے سے دوائوں کی تیاری مشکل سے دو چار ہو گئی، بازار میں کھانسی، بخار اور سکون بخش دوائوں کی قلت پیدا ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق دوائیں بنانے والے اداروں کا کہنا ہے ایفی ڈرین کا کوٹہ مختص نہ کیے جانے سے دوائوں کی تیاری مشکل ہو گئی ہے اگر کوٹہ جلد مختص نہ کیا گیا تو اندیشہ ہے کہ دوائوں کی قلت شدید ہو جائے گی۔

بیشتر اہم دوائوں کی تیاری میں ایفی ڈرین (نارکوٹکس کیمیکل) کے اجزا شامل کیے جاتے ہیں لیکن سابقہ حکومت کے من پسند کمپنیوں کو ایفی ڈرین کا لامحدود کوٹہ الاٹ کرنے سے تاحال دوا ساز اداروں کو کوٹہ الاٹ نہیں ہوسکا جس سے بازار میں کھانسی، بخار، سکون بخش دوائوں کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

ادویہ ساز اداروں (فارما کمپنیوں) کا کہنا ہے کہ طریقہ کار کے مطابق نارکوٹکس کیمیکل کوٹہ سیکریٹری نارکوٹکس نے جاری نہیں کیا، کیمیکل دستیاب نہ ہونے سے دوائوں کی تیاری بند ہو گئی ہے، حکومت نے سیکریٹری نارکوٹکس ڈویژن کا تقرر نہیں کیا اور یہ اسامی گزشتہ ایک ماہ سے خالی ہے۔