راولپنڈی : نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی (جیوڈیسک) راول ڈیم میں پانی کی سطح ذخیرہ کرنے کی آخری حد تک پہنچ گئی۔ جس کے بعد راول ڈیم انتظامیہ نے اسپل ویز کھول دیئے گئے۔ راول ڈیم انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 52 فٹ ہے۔ اسلام آباد میں جاری موسلا دھار بارش کے بعد راول ڈیم میں پانی کی سطح 51 اعشاریہ 2فٹ تک پہنچ گئی۔ راول ڈیم کے اسپل ویز کھولنے سے پہلے سائرن بجا کر لوگوں کو خبردار کیا گیا۔

راولپنڈی کے علاقے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی۔ نالے کے قریب واقع آبادیوں میں لوگوں کو محتاط رہنے کے لئے سائرن بجا دئے گئے۔ موسلادھار بارش کے باعث ریسکیو ون ون ٹو ٹو کو الرٹ کر دیا گیا۔ راولپنڈی میں طوفانی بارش دو گھنٹے جاری رہی۔

جعفرآباد اور نصیرآباد میں پانی کی سطح کم ہوگئی۔ سیم کینال میں بھی طغیانی دم توڑ رہی ہے۔ سیلابی ریلوں سے چھ سو سے زائد دیہات بہہ گئے۔ متاثرین قومی شاہراہوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ راجن پور اور ڈی جی خان میں متاثرین سیلاب کے لئے ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے۔ مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو کے لیے کشتیاں فراہم کر دی ہیں۔