علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام شدید اضطراب میں مبتلا، پتھر کے دور کا 1979ء کا بلدیاتی نظام عوام کو پتھر کے دور میں لے جارہا ہے، نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی مسائل کا فوری نوٹس لیکر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں کو ایکشن لیتے ہوئے عوام تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ علاقائی سطح پر سیوریج کا مثالی نظام قائم کیا جائے۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام سے تبادلہ خیال کیا اس موقع پر مختلف علاقوں میں شاہراہوں اور گلیوں میں سیوریج کے ناقص نظام کے باعث سڑکیں اور گلیاں جوہڑ کا منظر دیکھ متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرتے ہوئے شاہ فیصل کالونی کی حدود میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلا ئیں مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی کے باعث مسائل میں اضافہ ہورہا ہے علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام شدید اضطراب میں مبتلا ہیں پتھر کے دور کا 1979ء کا بلدیاتی نظام عوام کو پتھر کے دور میں لے جا رہا ہے۔

اگر فوری طور پر فعال بلدیاتی نظام کا نفاذ نہ کیا گیا تو پاکستان کی تاریخ میں ہونے والے ترقیاتی منصوبے کھنڈرات میں تبدیل اور عوام بلدیاتی مسائل کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہوجائیں گے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے بھی اپیل کی کہ بلدیاتی سہولیات خصوصاً فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو علاقائی مسائل کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نجات دلا کر مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔