این اے 149 کے نتائج ملکی سیاست کا رخ بدل دیں گے، ہاشمی

Javed Hashmi

Javed Hashmi

ملتان (جیوڈیسک) مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سی ای سی میں شاہ محمود قریشی نے خود کہا تھا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی مگر میں شاہ محمود قریشی کے بارے میں کچھ نہیں کہ سکتا کیونکہ وہ میرا ووٹر ہے اور میں اپنا ووٹ خراب نہیں کر سکتا۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ بھارت ہر دفعہ عید کے موقع پر ہمارے لوگوں کو شہید کرتا ہے۔ حکومت ایل او سی کی خلاف ورزی کے مسئلے کو حل کرے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف کا ملتان کا جلسہ انتخابی جلسہ ہے جس کا مجھے ایک ماہ قبل معلوم تھا۔ لگتا ہے تحریک انصاف کی یہ پالیسی ہے کہ پچھلوں سے استعفیٰ دلوانا اور نئے لوگوں کو الیکشن لڑوانا ہے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ کبھی بھی ایک جلسے سے رزلٹ تبدیل نہیں ہو سکتا۔ این اے 149 میں الیکشن یکطرفہ ہو گا کیونکہ میں الیکشن جیت چکا ہوں۔ این اے 149 کے نتائج ملکی سیاست کا رخ بدل دیں گے۔