ہنگامہ آرائی کیس: لیگی ایم پی اے خواجہ عمران جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Khwaja Imran

Khwaja Imran

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مریم نواز کی نیب دفتر پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ہنگامہ آرائی کیس میں گزشتہ روز گرفتار ہونے والے ن لیگی ایم پی اے خواجہ عمران نذیر کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے عمران نذیر کے 15 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جب کہ وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ جسمانی ریمانڈ دینا اس عدالت کا اختیار نہیں، مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات ہیں۔

عدالت نے خواجہ عمران نذیر کو ایک روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے کل انسداد دہشت گردی عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب ن لیگ کے رہنماؤں عظمیٰ بخاری، عطا تارڑ، سائرہ افضل تارڑ اور دیگر کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

لیگی رہنماؤں کے خلاف کورونا ایس او پیز اور اشتعال انگیز تقریرکا مقدمہ درج کیا کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر 21 نامزد اور 40 سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں درج ہوئی۔