حکمرانوں اور سیاستدانوں کو عوام سے کوئی دلچسپی نہیں، مولانا سمیع الحق

Maulana Sami ul Haq

Maulana Sami ul Haq

حیدرآباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں اور سیاستدانوں نے دو ہفتے سے ملک کو انتشار اور افراتفری سے دوچار کر رکھا ہے، ساری دنیا میں پاکستان کی بدنامی اور جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ وہ جے یو آئی سندھ کے رابطہ سیکریٹری مولانا عبدالواحد سواتی سے ٹیلی فون پر بات چیت کررہے تھے۔

مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ایک طرف رقص وسرور کی محفلیں سجانے والے ہیں تو دوسری جانب نام نہاد جمہوریت کے علمبردار ہیں ، ان دونوں کو عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی پاکستان کی آزادی کے حق میں ہے مگر ایسی آزادی کے حق میں نہیں جس میں ناچ گانا، آوارگی، بے حیائی اور فحاشی ہو۔

انہوں نے کہا کہ تین مہینے میں ملک سے بیروزگاری، لاقانونیت، غربت اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعویدار حکمران قوم کو جواب دیں کہ انہوں نے کتنی لوڈشیڈنگ ختم کی، لاقانونیت، غربت اور بیروزگاری پر کتنا قابو پایا گیا، موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو آئے ہوئے 16مہینے ہوچکے ہیں مگر ان کی کارکردگی قوم کے سامنے صفر ہے۔

پوری قوم مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے مگر نواز شریف، عمران خان، طاہر القادری اور دیگر سیاستدانوں کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نہ تو آزادی اور انقلابی مارچ میں ہے اور نہ ہی نام نہاد جمہوریت میں ہے بلکہ پاکستان کا مستقبل حقیقی معنوں میں اسلامی نظام اور نفاذ شریعت میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل جلد ہی ملک میں نفاذ اسلام کےلئے تمام جماعتوں کا اجلاس طلب کریگی۔