رن وے پر ہی توقیر صادق کی گرفتاری کی اجازت مل گئی

Dubai

Dubai

دبئی(جیوڈیسک) حکام نے اوگرا کے سابق چیئرمین توقیرصادق کوانٹرپول کے حوالے کر دیا ہے۔ انھیں پاکستان میں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ توقیرصادق کورن وے پرہی گرفتارکر کے اسلام آباد پہنچایا جائے گا۔ بیاسی ارب روپے کی کرپشن کے مرکزی کردار سابق چیئرمین توقیرصادق کو جمعرات کو فیڈرل کورٹ آف دوبئی میں پیش کیا گیا۔ دبئی حکام نے اوگرا کے سابق چیئرمین توقیرصادق کو انٹرپول کے حوالے کر دیا۔ اب انٹرپول توقیر صادق کو پاکستانی تفتیشی ٹیم کے حوالے کرے گا۔

نیب ذرائع کے مطابق توقیر صادق کوپی آئی اے کی پروازکے ذریعے سات جولائی کوپاکستان لائے جانے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ توقیرصادق کورات گئے یا علی الصبح پاکستان لایا جائے گا۔ سابق چیئرمین اوگرا کواسلام آباد کے پوش علاقے کے ایک گھرمیں رکھا جائے گا جس کونیب نے انویسٹی گیشن سیل کا درجہ دے دیا ہے۔

توقیرصادق کوسخت حفاظتی سیکیورٹی دینے کے لئے نیب نے ڈی جی اے ایس ایف، آئی جی اسلام آباد اور وزارت داخلہ کوخط لکھ دیا ہے۔ اے ایس ایف نے نیب ٹیم کو رن وے پرگاڑیوں کی رسائی دینے اور توقیر صادق کی گرفتاری کی اجازت دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق توقیرصادق کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد علی اور کمشنر امیتاز حیدر کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔