روسی میزائل حملے،35 افراد ہلاک سینکڑوں زخمی

Russia Ukraine Attack

Russia Ukraine Attack

روس (اصل میڈیا ڈیسک) روسی فوج نے پولینڈ کی سرحد پر یوکرین کے فوجی اڈے پر 30 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 134 زخمی ہوگئے۔

خبر کے مطابق، پولینڈ سے محض 25 کلومیٹر دوری پر واقع یوکرین کے شہر يافوريف میں ملک کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر روسی طیاروں نے حملہ کردیا۔

خیال رہے کہ 140 مربع میل پر محیط اس فوجی اڈے میں یوکرینی اہلکاروں کو تربیت دینے کے لیے نیٹو کے ٹرینر بھی موجود رہے ہیں۔

يافوريف کے گورنر میکسم کوزیٹسکی نے میڈیا کو بتایا کہ روسی طیاروں نے یاوریو کے مرکز برائے امن و سلامتی پر 30 راکٹ داغے جن میں سے کچھ کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تاہم زیادہ تر فوجی اڈے میں گرے۔

گورنر میکسم کوزیٹسکی کے مطابق روسی فوج کے حملے میں 35 افراد ہلاک اور 134 زخمی ہوئے تاہم انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کوئی غیرملکی یا نیٹو اہلکار بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ روس کا یہ پہلا حملہ ہے جو یوکرین کے مغربی علاقے اور یورپی یونین کے رکن ملک پولینڈ کے قریب کیا گیا ہے تاہم اب تک یورپی یونین اور پولینڈ نے اس حملے پر ردعمل نہیں دیا ہے۔