ثاقب باکسر کے خلاف کئی تھانوں میں مقدمات درج تھے، پولیس

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) ایس ایس پی طارق دھاریجو نے کہا ہے کہ ثاقب باکسر کے خلاف کئی تھانوں میں متعدد جرائم کے الزام میں مقدمات درج تھے۔ ایس ایس پی طارق دھاریجو نے بتایا کہ ثاقب باکسر کے خلاف کھارادر تھانے میں قتل، ڈکیتی اور لوگوں کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج ہے۔ ان کے مطابق ثاقب باکسر کے خلاف کلری تھانے میں ڈکیتی، زخمی کرنے اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ ہے۔

ثاقب پر کلری تھانے میں ہی غیرقانونی اسلحہ ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف بغدادی تھانے میں زخمی کرنے سمیت دیگر دفعات کا مقدمہ درج ہے۔ طارق دھاریجو نے مزید بتایا کہ بغدادی میں ہی ثاقب باکسر کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت بھی مقدمہ درج ہے۔ جبکہ ثاقب باکسر کے خلاف بغدادی تھانے میں چار مقدمات درج ہیں۔