سعودی عرب: 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 5477 کیسوں کی تشخیص، ایک مریض چل بسا!

Saudi Arabia Corona Cases

Saudi Arabia Corona Cases

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں میں اتوار کو معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں کووِڈ-19 کے 5477 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کا شکار ایک مریض چل بساہے۔

مملکت نے وزارتِ صحت کے آفیشل ٹویٹراکاؤنٹ کے ذریعے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ پانچ سے گیارہ سال کی عمرکے بچّوں کو لگانے کے لیے کووِڈ-19 کی ویکسین مہیا کی جائے گی۔

جمعہ کے روز سعودی عرب میں کووڈ-19 کے اب تک کے سب سے زیادہ 5628 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے تھے۔ہفتے کے روز 5281 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی تھی۔

سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی طور پر 6 لاکھ 15ہزار 430 کیس ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔وائرس سے اموات کی تعداد 8906 تک پہنچ گئی ہے۔

سعودی عرب میں انتہائی متعدی اومیکرون کے پھیلنے کے بعد کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔دسمبرکے اوائل میں محکمہ صحت نے اومیکرون شکل کے پہلے کیس کی اطلاع دی تھی۔اس کے بارے میں خیال کیاجاتا ہے کہ یہ شخص شمالی افریقا کے ایک نامعلوم ملک سے آیاتھا۔

ملک بھر میں ویکسین لگانے کی مہم بھی زورشور سے جاری ہے اور50 فی صد سے زیادہ آبادی کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ہے۔سعودی حکومت نے حال ہی میں اپنے ہاں نافذالعمل کووِڈ-19 کے قواعد وضوابط پرنظرثانی کی ہے اورخلاف ورزی کے مرتکبین پر جرمانے کی رقم بڑھا دی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جو لوگ سرکاری یا نجی مقامات میں داخل ہونے سے پہلے درجہ حرارت کی جانچ سے انکارکرتے ہیں اور سماجی فاصلے کے قواعد پرعمل نہیں کرتے،ان پر266 ڈالر (1000 سعودی ریال) جرمانہ عاید کیا جائے گا۔

بار بارجرم کے اعادے کی صورت میں جرمانے کی رقم 266,000 ڈالر (100,000 ریال) تک پہنچ سکتی ہے۔اس کے علاوہ اب اندرونی اور بیرونی دونوں جگہوں پرچہرے پر دوبارہ ماسک پہننے کی پابندی عاید کردی گئی ہے۔

سعودی عرب نے اسی ماہ کے اوائل میں مکہ مکرمہ میں مسجدحرام اور دوسرے مقامات میں سماجی فاصلے کی پابندیوں کو بھی دوبارہ نافذ کردیا تھا۔یہ اقدام کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا تھا۔مسجد حرام میں سماجی فاصلے کی رہ نمائی کے لیے فرش پر اب دوبارہ نشانات لگادیے گئے ہیں۔