سانحہ مری انتظامیہ کی غفلت سے پیش آیا، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ

Murree Incident

Murree Incident

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سانحہ مری پر قائم 5 رکنی انکوائری کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی مری کے دورے کے بعد لاہور روانہ ہوگئی ہے،کمیٹی نے فائنڈنگز کو ڈرافٹ کی شکل دےدی ہے،کل وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ تحقیقات کے دوران انتظامی محکموں کے 30 سے زائد افسران کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ انتظامیہ کی غفلت سے مری سانحہ پیش آیا، سیاحوں نے 7 اور 8 جنوری کی رات کو خوفناک تجربہ قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق 7 اور 8 جنوری کی رات برف ہٹانے والی مشینری ایک جگہ کھڑی تھی اور عملہ غائب تھا،محکمہ موسمیات کی وارننگ کو بھی مسلسل نظر انداز کیا گیا۔

خیال رہے کہ 7 اور 8 جنوری کی رات کو مری میں برفانی طوفان اور رش کے باعث 23 افراد اپنی گاڑیوں میں انتقال کر گئے تھے، انتقال کرجانے والوں میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل تھے۔

واقعےکے بعد پنجاب حکومت نے سانحہ مری کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔