سعودی عرب : کرونا وائرس کے کیسوں کی یومیہ تعداد کا نیا ریکارڈ ،4507 کی تشخیص

Saudi Arabia - Coronavirus Cases

Saudi Arabia – Coronavirus Cases

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے سوموار کو گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 4507 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ یہ مملکت میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد کا نیا ریکارڈ ہے۔مملکت میں اب کرونا وائرس کے کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 132048 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کا شکار39 مریض دم توڑ گئے ہیں اوراس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 1011 ہوگئی ہے۔

دارالحکومت الریاض میں گذشتہ 24 گھنٹے میں حالیہ دنوں کے رجحان کے عین مطابق کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ شہر میں 1658 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اس کے بعد جدہ میں 413 اور مکہ مکرمہ میں 389 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ باقی کیس مملکت کے دوسرے شہروں اور علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق کووِڈ-19 میں مبتلا مزید 3170 مریض تن درست ہوگئے ہیں اور اب شفایاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 87890 ہوگئی ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ لوگ وزارت صحت کی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ماسک پہننے ایسی رہ نما ہدایات کی پاسداری نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمدالعبد العالی نے اتوار کو نیوزبریفنگ میں کہا تھا:’’کرونا کے کیسوں کی شرح میں اضافہ اس بات کا غماز ہے کہ بعض شہری اور مکین پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے ہیں اور وہ بڑے اجتماعات میں شرکت سے بھی گریز نہیں کررہے ہیں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ اگر لوگوں نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وزارت کے قواعد وضوابط کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو حکام دوبارہ سخت پابندیوں کے نفاذ پر غور کریں گے۔