الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار مزید نو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔سعودی وزارت صحت نے 1197 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔مملکت میں اب اس مہلک وَبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 16299 ہوگئی ہے۔
وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے مہلوکین کی تعداد 136 ہوگئی ہے۔اس کا شکار 115 افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ اس وقت انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہیں۔
انھوں نے نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ میں 364، جدہ میں 271 ، الریاض میں 170 اور مدینہ منورہ میں 120 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی کیس الخبر ، الدمام ، الجبیل ، الہفوف اور دوسرے شہروں اور صوبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 166 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تک مملکت میں تن درست ہونے والے افراد کی تعداد 2215 ہوگئی ہے۔
سعودی وزیرصحت توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اس ہفتے مسلسل اضافے کی وجہ یہ ہے کہ اب ملک بھر میں ٹیسٹوں کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور فیلڈ ٹیسٹنگ ٹیموں کے ذریعے اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کا سراغ لگایا جارہا ہے۔
میڈیکل ٹیمیں گذشتہ جمعہ سے ملک بھر میں لوگوں کی سکریننگ کررہی ہیں تاکہ کرونا کی علامات کے حامل افراد کی جلد اور بروقت تشخیص کرکے ان کا علاج شروع کیا جاسکے اور اس مہلک وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔
توفیق الربیعہ نے کہا:’’ہم ایسے افراد کا انتظار کیے بغیر ہی ٹیسٹ کررہے ہیں جو ہمیں آ کر یہ بتائیں کہ وہ کسی کے چھونے سے اس مہلک وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور اب انھیں الگ تھلگ کرنے کی ضرورت ہے۔ہم ان علاقوں میں جارہے ہیں جہاں ہمیں شُبہ ہے کہ وہاں بہت زیادہ کیس ہو سکتے ہیں۔ہم گھروں ،اقامتی کمپلیکسوں اور کالونیوں میں جا رہے ہیں تاکہ وہاں مقیم لوگوں کے حکام کے پاس آنے سے قبل ہی کرونا کے کیسوں کا سراغ لگایا جاسکے۔‘‘