سعودی عرب روزِ اول سے فلسطینی کاز کے دفاع میں کبھی متردد نہیں ہوا: وزیرخارجہ

Prince Faisal bin Farhan

Prince Faisal bin Farhan

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ فلسطینی کاز ایک بنیادی عرب مسئلہ ہے اور سعودی عرب نے شاہ عبدالعزیز کے دور سے اب تک کبھی اس نصب العین کے دفاع میں کسی تردد کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔

انھوں نے بدھ کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِیک جہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سعودی عرب کی جانب سے فلسطینیوں کے نصب العین کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’’سعودی عرب کا فلسطینی ایشواور فلسطینیوں کے جائزحقوق کے دفاع کے بارے میں مؤقف بدستور یکساں رہا ہے۔ وہ مملکت کے پیش کردہ عرب امن اقدام پر پختہ طور پرکاربند ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’سعودی عرب فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کی یہودی بستیوں کی تعمیر کو روکنے پر زور دیتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کی حمایت کرتا ہے۔اس میں یہ کہا گیا تھا کہ فلسطینی سرزمین پر یہودی بستیوں کی تعمیر اور اسرائیلی قبضہ بین الاقوامی قانون کی ننگی خلاف ورزی ہے اور یہ جامع اور پائیدار امن کے حصول کی راہ میں ایک رکاوٹ ہے۔‘‘

شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ ’’سعودی عرب فلسطینیوں کے ایک باوقار اور شائستہ زندگی گزارنے کے حق کا دفاع کرتا ہے اور تنازع کے فریقوں کے درمیان امن کے فروغ کی اہمیت پر زوردیتا ہے۔‘‘

سعودی وزیر خارجہ نے قبل ازیں اپنے مصری ہم منصب سامح الشکری سے ملاقات کی ہے اور ان سے بھی مسئلہ فلسطین کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔