سعودی عرب طالبان کے کنٹرول کے بعد افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے: وزارتی کونسل

King Salman bin Abdul Aziz

King Salman bin Abdul Aziz

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کابل میں طالبان کے کنٹرول کے بعد افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

سعودی وزارتی کونسل کی جانب سے افغان عوام کو یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے۔کونسل کا منگل کے روز خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیرصدارت اجلاس ہوا اور اس میں دیگر امور کے علاوہ افغانستان کی تازہ صورت حال پرغورکیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب افغانستان کی تازہ صورت حال پر نظررکھے ہوئے ہے،اس کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے اور اس کو امید ہے کہ اس ملک میں بہت جلد صورت حال مستحکم ہوجائے گی۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے سوموار کو ایک بیان میں طالبان اور تمام افغان جماعتوں پر زوردیا تھا کہ وہ ملک میں عوام کے جان ومال کا تحفظ کریں۔

وزارتِ خارجہ نے طالبان کے افغان دارالحکومت کابل میں داخلے اور کنٹرول کے ایک روز بعد سوموار کو ٹویٹرپر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’’سعودی عرب افغان عوام کے کسی بیرونی مداخلت کے بغیرانتخاب کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘

اس بیان میں بھی اس امید کا اظہار کیا گیا تھا کہ افغانستان میں صورت حال جلد مستحکم ہوجائے گی۔

طالبان نے اتوار کو دارالحکومت کابل سمیت ملک کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور افغان صدر اشرف غنی اقتدار چھوڑ کرکابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے بذریعہ طیارہ بیرون ملک چلے گئے تھے۔

ان کی روانگی کے بعد طالبان کابل میں ایوان صدر میں داخل ہوگئے تھے۔تاہم انھوں نے ابھی اپنی نئی حکومت کا اعلان نہیں کیا ہے اور وہ اپنے زیرقبضہ علاقوں پر اپنی گرفت مضبوط بنانے اور امن وامان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

دریں اثناءطالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی پہلی نیوزکانفرنس میں تمام افغان شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے جان ومال کا تحفظ کیا جائے گا۔انھوں نے اعلان کیا کہ جو کوئی بھی ماضی میں غیرملکی فورسز کے ساتھ ترجمان کے طور پر کام کرتارہا ہے یا ان کے ساتھ کسی بھی طرح تعاون کرتارہا ہے،ان سب کو معافی دے دی گئی ہے اور انھیں کہیں ملک سے باہر جانے کی ضرورت نہیں۔