سعودی عرب: دہشت گردی میں ملوّث داعش کے پانچ مشتبہ ارکان کو سزائے موت کا حکم

Saudi Arabia Criminal Court

Saudi Arabia Criminal Court

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں ایک فوجداری عدالت نے سخت گیر جنگجو گروپ داعش سے تعلق اور دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث ہونے کے جرم میں پانچ افراد کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔

العربیہ کے نمایندے نے اطلاع دی ہے کہ عدالت میں ان مجرموں پر سعودی عرب میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات میں فردِجرم عاید کی گئی تھی اورعدالت کے جج نے انھیں قصور وار قرار دیا ہے۔

یہ پانچوں مجرم داعش کے پینتالیس ارکان پر مشتمل دہشت گردی کے ایک سیل میں شامل تھے۔ان دہشت گردوں نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں جرائم کی وارداتیں کی تھیں اور بم دھماکے کیے تھے۔

ان میں ابھا میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کا قتل اور ایک مسجد میں بم دھماکا بھی شامل ہے۔اسی سیل سے وابستہ دہشت گردوں نے نجران میں مسجدالمشہد اور الاحساء میں مسجد الرضا میں بم دھماکے کیے تھے۔