سعودی وزیر خارجہ اور ‘یو این’ مندوب کی شام کے بحران پر بات چیت

Meeting

Meeting

ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ سے کل بُدھ کے روز ریاض میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں شام کے بحران پر بات چیت کی گئی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ‌ کے مطابق دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں شام کے بحران اور اس کے بحران کے حل کے ضمن میں ہونے والی سیاسی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ شام 2011 سے خونی تنازع کا شکار ہے جس میں اب تک 3 لاکھ 80 ہزار سے زاید افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ انفرااسٹرکچر اور پیداواری شعبوں کو بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ملک کے اندر اور بیرون ملک لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

شام میں کئی سال سے جاری جنگ کے دوران چند ماہ کے سکون کے بعد ایک بار پھر ترکی نواز عسکریت پسندوں اور کرد فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

دوسری طرف اسرائیل نے شام میں ایرانی اہداف پر وقتا فوقتا حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بدھ کے روز شام کے آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے مطابق اسرائیلی بمباری سے آٹھ ایران نواز جنگجو ہلاک ہوگئے۔ یہ جنگجو اسرائیلی طیاروں‌ کے رات گئے حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔

منگل کی رات اسرائیل نے جنوبی دمشق کے دیہی علاقوں میں جبل المانع کے علاقے میں ایرانی افواج اور لبنانی حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ایک مرکز اور اسلحے کی گودام کو نشانہ بنایا۔