محفوظ مستقبل کیلئے اقوام کو اپنی مرضی و مفاد کے تحت چلانے کی سازشوں کا خاتمہ ضروری ہے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) قومی سلامتی کیلئے افوج پاکستان کی جانب سے محبانہ کردار کی ادائیگی کو جمہوریت کا قتل اور مسلح افواج کی سیاست میں مداخلت کو غداری قرار دیکر اپنے ہی محافظان ملک و ملت کیخلاف عوام کو ورغلانے والے جمہوریت پسندوں کی جانب سے مصر کے صدر محمد مرسی کیخلاف فوج کے شب خون پر خاموشی ان کے کردار و افعال کے تضاد کا ثبوت تو تھی ہی۔

مگر معزول صدر کے حامیوں اور اخوان المسلمین کے کارکنوں پر باغی فوجی حکومت کے وحشیانہ تشدد اور اپنے محبوب صدر کے حق میں مظاہرہ کرنے والے مصری عوام کے قتل عام پر ان کی خاموشی مجرمانہ اور اسلام دشمن سامراجیوں سے گٹھ جوڑ کا ثبوت بھی ہے۔

جبکہ مسلم ریاستوں پر طاغوتی قوتوں کے حملوں اور مسلم ممالک میں انتشار و بد امنی پھیلا کر پسندیدہ حکومتیں بنانے کی یہود و نصاریٰ کی سازشوں پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی ان اسلام دشمن حرکا ت کی سرپرستی کے مترادف ہے۔ نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن (این جی پی ایف ) کے چیئرمی عمران چنگیزی نے کہا ہے۔

کہ ہم دنیا کے مصر پاکستان افغانستان و فلسطین سمیت دنیا کے ہر خطے میں امن و مذاکرات کے حامی ہیں جبکہ تشدد و اشتعال انگیزی امن و محبت کی دشمن ہے اسلئے آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے وسائل پر قبضے اور مختلف خطوںو اقوام کو اپنی مرضی و مفاد کے تحت چلانے کی کوششوں کا خاتمہ ضروری ہے بصورت دیگر مظلوموں اور ظالموں دونوں ہی کا مستقبل انتہائی بھیانک دکھائی دے رہا ہے۔