مضاربہ اسکینڈل؛ اربوں روپے بیرون ملک بھیجنے والا ملزم گرفتار

Prison

Prison

اسلام آ باد (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو نے مضاربہ اسکینڈل کے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام میں ملزم لال خان بنگش کو گرفتار کر لیا۔ نیب ذرائع کے مطابق ملزم کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا، ملزم پر مضاربہ اسکینڈل کے گرفتار ملزمان کے لوٹے گئے اربوں روپے سنگاپور، جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک میں ہنڈی کے ذریعے منتقل کرنے کاالزام ہے۔ نیب تمام ترکوششوں کے باوجود گرفتار ملزمان سے یہ معلوم نہیں کر سکا کہ منتقل کیے گئے اربوں روپے کہاں اورکس کاروبار میں لگائے گئے؟۔ نیب حکام کو ہزاروں متاثرین کے 32 ارب سے زائدکی رقوم میں سے ایک سال کی کوششوں میں صرف ایک ارب 30 کروڑ کی ریکوری کی تصدیق اور تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

ریکوری میں وہ تمام پراپرٹیز بھی شامل ہیں جونیب نے ضبط کیں۔ دریں اثنا قومی احتساب بیورو نے مضاربہ کیس میں کسی ملزم کو رہا کرنے کی تردید کی ہے۔ مضاربہ اسکینڈل کے سینکڑوں متاثرین نے اسلام آباد میں احتجاج کیا تھا کہ ملزمان کو رہا کر دیا گیا ہے، نیب کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ نیب نے مفتی احسان الحق کو رہا نہیں کیا، وہ جیل میں اور کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔