مدارس کو ہر صورت بچائیں گے، کوشش ہے ملک میں امن قائم ہو، مولانا سمیع الحق

Maulana Sami ul Haq

Maulana Sami ul Haq

نوشہرہ (جیوڈیسک) جے یو آئی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ آج مدارس سے امن کی بات کی جا رہی ہے ، کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں امن قائم ہو۔

نوشہرہ کی تحصیل پبی میں وفاق المدارس العربیہ کے زیر اہتمام منعقدہ “پیغام امن کانفرنس”سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ پورا یورپ متحد ہو چکا ہے اور ان کا نشانہ مدارس ہیں۔

مدارس کو بچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مدارس پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں لیکن انہی مدارس سے آج امن کی بات کی جا رہی ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ ملک میں امن قائم ہو، مدارس کے خلاف استعماری قوتیں متحد ہو چکی ہیں جن کا مقابلہ کیا جائے گا۔ مولانا سمیع الحق کے مطابق امریکہ خطے سے فرار ہو رہا ہے ہمیں اپنے دشمن کا اتحاد و اتفاق سے مقابلہ کرنا ہو گا۔ اسلام اور سلامتی لازم و ملزوم ہیں اور ایک انسان کو بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری قاری حنیف جالندھری کا کہنا تھا کہ مدارس کے طلباء اور مدارس پاکستانی آئین اور خودمختاری کے محافظ ہیں۔ بیرون ملک سے یہاں داخلہ لینے والے طلباء پر پابندی نہ لگائی جائے۔