سکاٹش ریفرنڈم: کیمرون کی عوام کو منانے کی ایک اور کوشش

Referendum

Referendum

سکاٹش ریفرنڈم (جیوڈیسک) سکاٹ لینڈ میں برطانیہ سے علیحدگی کے معاملے میں ریفرنڈم کے انعقاد میں چار دن باقی رہ گئے ہیں اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سکاٹش عوام سے اس معاملے پر نفی میں ووٹ دینے کی درخواست کرنے کے لیے پیر کو پھر سکاٹ لینڈ جا رہے ہیں۔

یہ وزیرِ اعظم کا ایک ہفتے میں دوسرا دورۂ سکاٹ لینڈ ہے اور برطانیہ سے آزادی کی حامی جماعت کے رہنما ایلکس سیمنڈ نے اسے حکومت کی ’مکمل بوکھلاہٹ‘ قرار دیا ہے۔
رائے عامہ کے حالیہ جائزوں کے مطابق سکاٹ لینڈ میں آزادی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان سخت مقابلہ ہے اور یہ وثوق سے نہیں کہا جا سکتا کہ جیت کس کی ہو گی۔
بی بی سی کے اینڈریو مار شو میں ریفرنڈم پر بحث کے دوران ایلکس سیمنڈ نے 18 ستمبر کو ہونے والے ریفرنڈم کو زندگی میں صرف ایک بار ملنے والا موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد سکاٹ لینڈ کی مہم کا ہدف ریفرنڈم میں اکثریتی فتح حاصل کرنا ہے۔
تاہم برطانیہ کو اکٹھا رکھنے والی مہم کے رہنما ایلسٹر ڈارلنگ نے کہا ہے کہ آزادی کے حق میں فیصلہ کرنے والوں کے پاس اپنے فیصلے پر ندامت کا موقع نہیں ہو گا۔