سینیٹ الیکشن: (ن) لیگ کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد

Pervez Rashid

Pervez Rashid

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی پر پاکستان تحریک انصاف کے وکیل رانا مدثر نے اعتراض دائر کیا تھا۔

رانا مدثر کا کہنا تھا کہ پرویز رشید پنجاب ہاؤس کے نادہندہ ہیں اور انہوں نے پنجاب ہاؤس کو 5 ہزار روپے ادا نہیں کیے، اس پر الیکشن کمیشن نے پرویز رشید کو آج اس الزام کی وضاحت کے لیے طلب کیا تھا۔

لیگی رہنما پرویز رشید نے الیکشن کمیشن میں پیش ہوکر بتایا کہ وہ پنجاب ہاؤس کو پیسے جمع کرانا چاہتے تھے مگر پنجاب ہاؤس کی انتظامیہ نے ان سے پیسے وصول نہیں کیے اور وہ آج بھی پیسے جمع کرانے کے لیے تیار ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پرویز رشید اور پی ٹی آئی کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد لیگی رہنما کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ انتخابات کے لیے پرویز رشید، اعظم نذیر تارڑ، مشاہد اللہ خان، پروفیسر ساجد میر اور سعدیہ عباسی کو ٹکٹ دینے کی منظوری دی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان گزشتہ روز انتقال کر چکے ہیں۔