این اے ستاون اٹک میں دوبارہ گنتی کا فیصلہ کالعدم قرار

NA Fifty Seven

NA Fifty Seven

لاہور(جیوڈیسک)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے این اے ستاون اٹک میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا،عدالت نے حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن فریقین کو سننے کے بعد فیصلہ کرے۔

این اے ستاون اٹک سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک امین اسلم کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کرانے کا حکم جاری کیا تھا جس کے خلاف ن لیگ کے امیدوار شیخ آفتاب نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے رجوع کیا۔

عدالت نے شیخ آفتاب کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی، سماعت کے دوران لیگی امیدوار کے وکیل شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ان کے موکل کو سنے بغیر یکطرفہ فیصلہ جاری کیا جو غیر قانونی ہے،عدالت نے این اے ستاون اٹک میں دوبارہ گنتی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ دونوں فریقین کو سننے کے بعد دوبارہ فیصلہ کیا جائے۔