شدید سردی کی لہر، قلات میں درجہ حرارت منفی چودہ تک گر گیا

Cold Temperature

Cold Temperature

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر حصوں میں سرد ہواؤں کا راج ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے یہ نوید سنا دی ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں سائبیریا کی یخ بستہ اور خشک ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ بلوچستان سمیت کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین اور چمن بھی شدید سردی کی لیپٹ میں ہیں۔

قلات میں درجہ حرارت منفی 14اور کوئٹہ میں منفی 9سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلگت بلتستان اور مالاکنڈ ڈویژن میں کئی روز کی برفباری کے بعد ہر منظر نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جس کے باعث راستے بند ہو گئے ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ شمال مغربی سرد ہواؤں کی آغوش میں ہے۔ جس کی وجہ سے صوبے میں سردی کی لہر بدستور برقرار ہے جس کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد میں ٹھنڈی ٹھار ہواؤں کے ساتھ سخت سردی ہے۔

لاہور میں چمکیلی دھوپ اور سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ بعض مقامات پر مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کے باعث صوبے میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

کالام میں درجہ حرارت منفی 6.5، مالم جبہ میں منفی 3لوئر دیر دیر میں منفی دو اعشاریہ پانچ، پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 9.5، ہنزہ میں درجہ حرارت منفی 7.5، گلگت میں منفی 5.5، گوپس میں منفی 6.5 ریکارڈ کیا گیا۔