شفیق خان کی محنت کی وجہ سے سکول نے بہت ترقی کی۔ سیف الرحمن طور ہیڈ ماسٹر ہائی سکول جمبر

جمبر : گورنمنٹ ہائی سکول جمبر کلاں میں سینئر ٹیچر شفیق احمد خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ جس کی صدارت ڈی ای او( سیکنڈری)قصور میڈم شمیم سُہارا نے کی ۔ مہمان خصوصی ای ڈی او (تعلیم) قصور افتخار حسن بٹ اور دیگر مہمانا ن گرامی میں ملک محمد اشرف ڈی ای او (ایلیمنٹری)قصور، شکیل احمد خان ٹی ای قصورتھے ۔ تقریب میں ریٹائرہونے والے استاد شفیق احمد خان کوسکول انتظامیہ اور مہمانوں نے دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔سکول ہذا کے ہیڈ ماسٹرسیف الرحمن طور نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے شفیق خان کی قابلیت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شفیق خان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلے اس سکول کے طالب علم تھے اور پھر اسی سکول سے اپنی ملازمت شروع کی اور آج اسی سکول سے اپنی 60سال کی عمر میں ریٹائر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شفیق خان کے خصوصی تعاون سے سکول نے بہت ترقی کی ۔ ان کی محنت کی بدولت سکول نے کئی انعامات حاصل کیے۔ مہمان خصوصی افتخار حسن نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شفیق خان ایک محنتی اور قابل استاد ہے جس کی کمی پورا کرنا اتنا آسان نہ ہوگا۔ ان کا تعلیمی ریکارڈ بہت اچھا ہے جسکا منہ بولتا ثبوت 2000میں بیسٹ ٹیچر کا سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام ہے۔ تقریب کی صدر میڈم شمیم سُہارانے کہا شفیق خان نے اپنی زندگی تعلیم کے وقف کی ہوئی تھی۔

آج ان کاادارہ ایک قابل استاد سے محروم ہوگیا۔ تقریب سے شکیل خان ٹی ای نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں نے شفیق خان سے تعلیم حاصل کی، وہ بہت قابل اور محنتی استاد ہیں۔ تقریب سے دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر الوداع ہونے والے استاد شفیق احمد خان کو تحائف پیش کیے گئے۔ میڈم شمیم سُہارا نے تفسیر کا تحفہ اور شکیل خان نے جائے نما ز کا تحفہ پیش کیا۔ سکول کے ہیڈماسٹر سمیت دیگر اساتذہ نے بھی تحائف پیش کیے۔ شفیق خان نے گورنمنٹ ہائی سکول کو دس ہزار روپے کاعطیہ دیا۔