’شاہ لطیف سے گرفتار دہشتگردوں کا ہدف سندھ اسمبلی تھا‘

Sindh Assembly

Sindh Assembly

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار کیے گئے دہشتگردوں کا ہدف سندھ اسمبلی تھا۔

ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ اسمبلی کے گیٹ پر رکشے سے ایک دہشتگرد نے خود کش دھماکا کرنا تھا لیکن اسمبلی کا سیشن نہ ہونےکی وجہ سے حملہ نہیں کیا جا سکا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کے موبائل فون سے سندھ اسمبلی کی ویڈیو ملی ہے، دہشت گردوں کا افغانستان کے صوبے قندھار سے براہ راست رابطہ تھا اور گرفتار 3 دہشتگردوں کا تعلق قندھار جب کہ ایک کا ننگرہار سے ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک اور 5 کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب نے بتایا کہ شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک عمارت میں دہشتگرد موجود تھے، خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔