شاہ محمود کو ملتان میں شکست دینے والے سلمان نعیم کی نااہلی کالعدم قرار

Salman Naeem

Salman Naeem

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سپریم کورٹ نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ملتان میں شکست دینے والے رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم کی نااہلی کالعدم قرار دے دی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا اور رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم کو بحال کر دیا۔

سلمان نعیم نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 217 ملتان میں آزاد حیثیت سے شاہ محمود کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

سلمان نعیم کی دو شناختی کارڈ رکھنے پر اہلیت کو چیلنج کیا گیا تھا جس پر انہوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سپریم کورٹ سے بحالی کے بعد سلمان نعیم نے تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور انہیں مٹھائی بھی کھلائی۔

جہانگیر ترین نے رکنیت بحالی پر انہیں مبارک باد دی اور کہا کہ سلمان نعیم کو اپنے حلقے کی نمائندگی سے محروم رکھا گیا جو انتہائی افسوس ناک عمل ہے۔