شاہد نذیر کا نیا گانا ”مچھی اک پاوٴنڈ دی“ ریلیز، فلم بھی بنائیں گے

Shahid Nazir

Shahid Nazir

لاہور (جیوڈیسک) ون پاوٴنڈ فش گا کر عالمی شہرت پانے والے شاہد نذیر نے پنجابی زبان میں اپنا پہلا گانا ریلیز کر دیا۔ لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ فلم بھی بنائیں گے، اسکول کے زمانے میں بہترین اداکار رہے ہیں۔

ون پاوٴنڈ فش سے عالمی شہرت پانے والے شاہد نذیر نے پنجابی زبان میں اپنا پہلا گانا ”مچھی اک پاوٴنڈ دی“ریلیز کر دیا۔ ان کاکہنا ہے کہ وہ اس موضوع پر فلم بھی بنائیں گے۔ اسکول میں بہترین اداکار کا سرٹیفیکیٹ لینے والے شاہد نذیر بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کے پرستار نکلے۔ پھولوں کے شہر پتوکی میں جنم لینے والے شاہد نذیر اب دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں۔

ان کا گانا ون پاوٴنڈ فش خوشبو کی طرح چار سو پھیل گیا اور شاہد نذیر کیلئے شوبز کی چکا چوند روشنیوں کے راستے کھول دیئے۔ شاہد نذیر ”ون پاوٴنڈ فش“ فلم کے ذریعے پاکستان کا مثبت پہلو دنیا بھر میں اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔

فلم کی عکس بندی پاکستان اور برطانیہ میں کریں گے۔ ہیروئن کیلئے ان کی ایک ہی چوائس ہے، سوناکشی سنہا۔ شاہد نذیر کا کہنا ہے کہ انہوں نے گذشتہ سال ون پاوٴنڈ فش کو پنجابی زبان میں گانے کا وعدہ پورا کر دیا ہے اور یہ پانچ شہروں میں بیک وقت ریلیز کیا گیا۔ پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کر نے کی خواہش دل میں لئے شاہد نذیر دنیا بھر میں اپنی آواز اور اداکاری کا جادو جگانے کو بے چین ہیں۔