شمع شاپنگ سینٹر چوک اور ملحقہ شاہراہوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا دیا گیا

کراچی : ایڈمنسٹریٹر و میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کی ہدایت پر شاہ فیصل کالونی میں ٹریفک کی روانی اور عوامی آمد ورفت میں مشکلات کے حوالے سے عوامی شکایات پر شاہ فیصل کالونی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران درجنوں تجاوزات اور غیر قانونی رکشہ ، ٹیکسی، ٹرک اور بس اسٹینڈز کا خاتمہ کرکے شاہراہوں پر ٹریفک کے نظام میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کردیا گیا۔

عوامی شکایات پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کی نشاندہی پر فوری اقدامات کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر و میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کے خصوصی احکامات پر شمع شاپنگ سینٹر چوک اور اس سے ملحقہ شاہراہوں اور سروس روڈز کوتجاوزات سے مکمل پاک کرکے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا دیا گیا۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شاہراہوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات اور ٹریفک کی راہ میں رکاوٹوں کا مستقل بنیادوں پر خاتمے کے لئے موثر حکمت عملی کے ذریعے مہم چلائی جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ملیر ریور برج تا شمع شاپنگ سینٹر چوک تک شاہراہوں کو مکمل نو پارکنگ زون قرار دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اکثر اوقات مذکورہ شاہراہ پر ٹریفک جام کی شکایات کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے عوام خصوصاً تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو کامیاب بنا نے کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں تاکہ ٹریفک جام اور آمد ورفت کے حوالے سے شکایات کا ازالہ ممکن بنا یا جاسکے۔