بیمار ماں، بیوی،5 بیٹیوں کا سہارا فائر بریگیڈ اہلکار واجبات نہ ملنے پر صدمے سے ہلاک

Amjad Ali Khan

Amjad Ali Khan

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) فائر بریگیڈ صدر میں تعینات اہلکار واجبات نہ ملنے پر ذہنی صدمہ کا شکار ہو کر دل کے دورے کے سبب جاں بحق ہو گیا، اہلکار کینسر کی شکار ماں، بیوی اور 5 بیٹیوں کا واحد کفیل تھا۔

صدر فائر اسٹیشن کا ملازم امجد علی خان دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا، متوفی کی نماز جنازہ بعد نماز عصر لانڈھی فائر اسٹیشن میں واقع مسجد میں ادا کی گئی جس میں چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی سمیت فائر بریگیڈ کے ملازمین، رشتے داروں، اہل محلہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی بعدازاں امجد کو ریڑھی گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے جس میں فائر بریگیڈ کے ملازمین اپنے ساتھی کے بچھڑ جانے پر دھاڑیں مار مار کر رہے تھے۔ اس موقع پر فائر بریگیڈ ملازمین کا کہنا تھا کہ امجد صدر فائر بریگیڈ اسٹیشن میں ڈرائیور تھا جو کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث نہ صرف مالی تنگدستی کا شکار تھا بلکہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا بھی شکار تھا۔

امجد کی والدہ کینسر اور شوگر کی مریضہ ہیں جو مہنگائی کے اس دور میں گھر کا خرچہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ بوڑھی بیمار والدہ کا بھی علاج معالجہ کرا رہا تھا۔ متوفی نے سوگواروں میں بیوہ ، ضعیف والدہ اور 5 بیٹیوں کو چھوڑا ہے، فائر بریگیڈ کے ملازمین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ہمارے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔