سندھ اسمبلی : نئے بلدیاتی نظام کا بل کثرت رائے سے منظور

Sindh Assembly

Sindh Assembly

سندھ اسمبلی نے کثرت رائے سے نئے بلدیاتی نظام کا بل منظور کر لیا ہے جس کے مطابق بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے، اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ احتجاج کرتے ہوئے نئے بلدیاتی نظام کو انیس سواناسی کے بلدیاتی سسٹم کا چربہ قراردے کر مسترد کردیا ہے۔ سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام دوہزارتیرہ کا بل صوبائی وزیرقانون ڈاکٹر سکندر میندھرونے پیش کیا۔

اس موقع پر سینئر وزیر نثار کھوڑو نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی بل پر تمام سیاسی جماعتوں، دانشوروں، اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے اور سندھ کے عوام کے بہترین مفاد میں بلدیاتی نظام پیش کیا جا رہا ہے۔ بل پیش کیے جانے کے موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان سراپا احتجاج بن گئے۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی نے بل کی حمایت اور مخالفت میں نعرے بازی کی ایم کیو ایم کے ارکان نے نامنظور نامنظور کے نعرے لگا کر بلدیاتی بل کی مخالفت کی ۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری نے بلدیاتی بل کو آئین کے آرٹیکل ایک سوچالیس اے سے متصادم قرار دیا۔

بل پیش کیے جانے کے موقع پر فنکشنل مسلم لیگ اور مسلم لیگ نواز نے بھی نہ صرف بل کی حمایت کی بلکہ موقف اختیار کیا کہ آئندہ بھی حکومت کے تمام بہتر اقدامات کی تائید کریں گے۔ اجلاس کے دوران عوامی مفاد سے تعلق رکھنے والے دیگر بل بھی منظور کیے گئے ، جبکہ وقفہ سوالات میں محکمہ اوقاف کے معاملات سے ایوان کو آگاہ کیا گیا۔