سندھ اسمبلی کے16 رکنی وفد کا پنجاب اسمبلی کا دورہ

Sindh Assembly

Sindh Assembly

لاہور (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کے 16 رکنی وفد نے پنجاب اسمبلی کا دورہ کیااور گیلری میں بیٹھ کر ایوان کی کارروائی دیکھی۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن نے کراچی میں فوج بلانے کی حمایت کی جبکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ فنکشنل اور تحریکِ انصاف کے ارکان نے پر زور مخالفت کی۔ پنجاب اسمبلی کااجلاس حسبِ معمول تقریبا 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، صدارت اسپیکر رانا محمد اقبال نے کی، سندھ اسمبلی کا 16 رکنی وفد بھی پنجاب اسمبلی پہنچا، جس نے گیلری میں بیٹھ کر کارروائی دیکھی۔

اس سے پہلے سندھ اسمبلی کے ارکان نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں ذرائع سے گفتگو بھی کی، مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر کا کہنا تھا کہ پنجاب آنے کا مقصدہم آہنگی بڑھانا ہے، کراچی میں فوج نہیں بلانی چاہیے۔ پیپلز پارٹی کے رکن فیاض بھٹ نے کہاکہ وہ زندہ دلانِ لاہور کے مہمان ہیں، وزیراعلی شہباز شریف سے ملاقات اچھی رہی۔

ایم کیو ایم کے رکن سید وقاص حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکیں، فوج بلانے کا مقصد یہ نہیں کہ وہ آ کر حکومت سنبھال لے۔ تحریکِ انصاف کے رکن خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم 5 سال تک حکومت کا حصہ رہی، گورنر اب بھی ان ہی کے ہیں،کسی صورت فوج کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔