سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل منظور، اپوزیش کا اسمبلی سے واک آؤٹ

Sindh Assembly

Sindh Assembly

کراچی (جیوڈیسک) اپوزیشن کی درخواست پر بلائے جانے والا سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر عرفان اللہ مروت نے بلدیاتی نظام کے خلاف قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی تو اسپیکر نے انہیں روک دیا جس پر ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ کے اراکین نے شدید نعرے بازی کی اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

اس دوران پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس سے ایوان مچھلی بازار بن گیا اور اپوزیشن اراکین کالا قانون نامنظور کے نعرے لگاتے ہوئے اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئے۔

اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد حکومتی اراکین نے قانون سازی جاری رکھتے ہوئے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2013 کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

سندھ اسمبلی نے بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صوبے میں 27 دسمبر کو عام تعطیل کی قرار داد بھی منظور کر لی جس کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔