چھ ماہ میں ملک میں دہشتگردی کے 1017 واقعات ہوئے: وزارت داخلہ

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ملک میں دہشتگردی کے ایک ہزار 17 واقعات ہوئے ہیں جن میں سیکورٹی اہلکاروں سمیت آٹھ سو اٹھہتر افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر کی زیر صدارت ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا جس کے مطابق گزشتہ 6 ماہ میں ملک میں دہشتگردی کے ایک ہزار 17 واقعات ہوئے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں تین سو ستائس دہشت گردی کے واقعات ہوئے۔

بلوچستان میں 266، سندھ میں 155 اور پنجاب میں دہشت گردی کے 39 واقعات ہوئے۔ گلگت میں ایک اور آزاد کشمیر میں دہشتگردوں نے چار کارروائیاں کیں۔ فاٹا بھی دہشت گردی کی زد میں رہا جہاں 222 پر تشدد کارروائیاں ہوئیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق دہشت گردی کے ان تمام واقعات میں 232 سیکورٹی اہلکار اور 646 شہری اپنی جان کی بازی ہار گئے۔

وزارت داخلہ نے پاکستانی جیلوں میں قید غیر ملکیوں کی فہرست بھی پیش کی جس کے مطابق جیلوں میں 571 غیرملکی قیدی ہیں جن میں سے 270 بھارتی شہری ہیں جبکہ 19 بھارتی جاسوس بھی پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔