fbpx

تھپڑ کھانے والی خاتون کانسٹیبل وکیل کو ہتھکڑی لگا کر عدالت لے آئی

Arrested Ahmad Mukhtar

Arrested Ahmad Mukhtar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) شیخوپورہ کی تحصیل فیروز والا میں خاتون پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے والے وکیل کو اُسی لیڈی کانسٹیبل نے ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کر دیا۔

گزشتہ روز فیروز والا کچہری میں خاتون پولیس اہلکار نے احمد مختار نامی وکیل کو لیڈیز چیکنگ پوائنٹ پر گاڑی پارک کرنے سے منع کیا تھا جس پر وکیل احمد مختار نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیڈی کانسٹیبل سے بدتمیزی کی اور تھپڑ مارا۔

ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وکیل کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

خاتون پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے والے وکیل کو اسی لیڈی کانسٹیبل فائزہ نواز نے ہتھکڑیاں لگا کر آج عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی ہے۔

دوسری جانب خاتون کانسٹیبل کو تھپڑ مارنے والے وکیل کے پوسٹر شہر بھر میں دیواروں پر چسپاں کیے گئے ہیں۔