جنوبی وزیرستان میں حملہ، تین فوجی ہلاک

South Waziristan

South Waziristan

پشاور (جیوڈیسک) پاکستانی سیکورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں ایک حملے کے بعد جوابی کارروائی کے نتیجے میں دس دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان کے مطابق حملہ بدھ کو ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پر کیا گیا جسکے باعث تین فوجی بھی ہلاک ہوئے۔

ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے گرین رج پوسٹ پر حملہ کیا جبکہ جھڑپیں تاحال جاری ہیں۔

تاحال کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ یہ حملہ ایسے موقع پر سامنا آیا ہے جب گزشتہ دنوں جنوبی وزیرستان سے ملحقہ شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔

جنوبی وزیرستان میں کم ہی حملے رپورٹ کیے گئے ہیں جبکہ عام طور پر شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کو عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

قبائلی علاقوں میں عام طور پر ہلاکتوں کی درست تعداد کا غیر جانبدار اور خودمختار ذرائع سے پتہ لگانا مشکل ہوتا ہے کیوں کہ یہ علاقے صحافیوں کی حدود سے باہر تصور کیا جاتا ہے۔