ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر کے باعث میڈیکل بورڈ کا پرویز مشرف کو بیرون ملک علاج کا مشورہ

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کے لیے تشکیل دیئے گئے میڈیکل بورڈ نے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کی نشاندہی کرتے ہوئے سابق صدر کو فوری طور پر بیرون ملک سرجری کرانے کا مشورہ دے دیا۔ کراچی میں مقیم سابق صدر پرویز مشرف کی صحت کے حوالے سے تشکیل دی گئی ملکی وغیر ملکی ڈاکٹروں کی 5 رکنی ٹیم نے 4 مئی کو کراچی میں سابق صدر کا طبی معائنہ کیا تھا جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے پرویزمشرف کی رپورٹ جاری کر دی ہے جبکہ چار بڑے سرجنز نے رپورٹ کی تصدیق بھی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سابق صدر کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہے اور اس کے لیے انہیں فوری طور پر بیرون ملک سے سرجری کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو سال قبل دبئی میں پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف شروع ہوئی جو اب شدت اختیار کر گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سابق صدر کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر کی وجہ سے شدید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

اس لئے انہیں فوری طورپرسرجری کی ضرورت ہے۔ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہےکہ اس سرجری کیلئے ٹیکنالوجی اور مہارت پاکستان میں دستیاب نہیں، اس لئے دبئی، شمالی امریکا یا یورپ سے سرجری کرائی جائے۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے کے کیس میں سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم کی توسط سے حکومت کے جواب میں جواب داخل کردیا جس کے مطابق ان کے خلاف غداری سمیت تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے ہیں۔