پیشی پر آئے وکلاء پر مخالف فریق نے حملہ کر دیا

WAZIRABAD

WAZIRABAD

وزیرآباد (نامہ نگار) پیشی پر آئے وکلاء پر مخالف فریق نے حملہ کر دیا۔ وحشیانہ تشدد کے نتیجہ میں وکلاء شدید زخمی ہوگئے۔ احاطہ عدالت میں موجود کوئی پولیس اہلکار وکلاء کو بچانے آگے نہ آیا۔ موقعہ سے فائدہ اٹھا کر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

وکلاء ثاقب حسین چیمہ،مقدس شبیر چیمہ اسسٹنٹ کمشنر کی عدالت سے مقدمہ کی کاروائی کے بعد باہر نکلے تو وہاں پہلے سے موجود ملزمان امجد اور اختر نے للکارہ مارا کہ آج انہیں مقدمہ کی پیروی کا مزہ چکھا دوجس پر صفدراور دیگر ملزمان نے فائر کردیئے جس سے وکلاء زخمی ہوکر گر گئے۔ واقعہ کے بعد ملزمان موقعہ سے فرار ہوگئے ۔ احاطہ عدالت میں دیگر عدالتیں سیشن کورٹس ، تحصیلدار ،ریونیو آفسز بھی موجود ہیں جہاں واقعہ کے بعد شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ زخمی وکلاء کے مطابق ان کیساتھ طاہر، عنصر وغیرہ کی ایماء پر ان کیساتھ یہ زیادتی کی گئی ہے ۔

واقعہ کا علم ہونے پر وکلاء برادری احاطہ عدالت میں اکٹھی ہوگئی جنہوں نے ملزمان کے آسانی سے فرار ہوجانے کے معاملہ پر پولیس کے کردار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ زخمی وکلاء زیر علاج ہیں۔ وکلاء برادری نے آئی جی پنجاب سے ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔