حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے: صدر

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) 39 ویں قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رحمت اللہ العالمین حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم نے ہمیشہ میانہ روی کا درس دیا اور انتہا پسندی کی ممانعت کی۔

آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کی حیات طیبہ مکمل ضابطہ حیات اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت پہلے ہی دن سے سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم نے اپنی تعلیمات اور کردار کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ اور تعلیمات زندگی کے ہر شعبے میں ہمیں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ کانفرنس کے موضوع کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری عہدوں پر براجمان افراد کو عوام اور ملک کی فلاح وبہبود کے لئے حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے فرائض انجام دیں۔

مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے اپنے سپاس نامے میں کہا کہ حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم نے بھائی چارے، برداشت، اتحاد کا درس دیا اور ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے مسائل کے حل کے لئے اس پیغام سے رہنمائی حاصل کریں۔

اس موقع پر صدر نے نبی اکرم حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی حیات طیبہ اور تعلیمات پر مقالے پیش کرنے والے دانشوروں کو نقد انعامات دئیے۔