سوڈان میں طیارہ گر کر تباہ، ریاستی گورنر سمیت 7 افراد ہلاک

Plane Crash in Sudan

Plane Crash in Sudan

القضارف (جیوڈیسک) سوڈان کی مشرقی ریاست القضارف میں طیارے کے حادثے میں ریاستی گورنر اور وزیر زراعت سمیت سات اعلیٰ عہدے دار ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر کے مطابق، سوڈانی طیارہ القضارف شہر سے ہمسایہ ملک ایتھوپیا کی سرحد کے نزدیک واقع شہر القلابات کی جانب جا رہا تھا جو کہ جائے منزل پر پہنچنے سے قبل گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

حادثے میں القضارف کے گورنر میر غنی صالح ، صوبائی وزیر زراعت عمر محمد ابراہیم اور پانچ دیگر عہدے دار ہلاک ہو گئے ہیں۔

فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

سوڈان میں حالیہ سالوں کے دوران متعدد فضائی حادثات پیش آ چکے ہیں۔

2017ء میں جنوبی سوڈان میں ایک مسافر طیارہ خراب موسم کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا تھا جو کہ گرتے وقت ایک ٹرک سے جا ٹکرایا تھا جس کے بعد اس کو آگ لگ گئی تھی۔

جنوبی سوڈان ہی میں 2015 میں الجوبا کے ہوائی اڈے پر روسی ساختہ ایک مال بردار طیارہ پرواز کے فوری بعد گر کر تباہ ہو گیا تھاجس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔