سلیمان لاشاری قتل کیس؛ مقتول کے بھائی اور والدہ نے تمام ملزمان کو شناخت کر لیا

Suleman Lashari Murder Case

Suleman Lashari Murder Case

کراچی (جیوڈیسک) سلیمان لاشاری قتل کیس میں مقتول کی والدہ اور بھائی نےمقدمے میں گرفتار تمام ملزمان کو شناخت کر لیا۔

جوڈیشنل میجسٹریٹ ممتاز سولنگی کی عدالت میں سلیمان لاشاری قتل کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر پولیس نے گرفتار اہلکاروں مقبول بروہی، عمران علی، راشدگجر اور یاسین کو پیش کیا تاہم مقدمے کے مرکزی ملزم سلمان ابڑو کو زخمی وہنے کی وجہ سے عدالت نہیں لایا جا سکا۔

شناختی پریڈ کے دوران مقتول کی والدہ ارم ناز، بھائی ذیشان لاشاری، ملازم ریاضت علی اور بہنوئی رحیم الدین نے چاروں ملزمان کو سلمان ابڑو کے ہمراہ گھر میں گھس کر فائرنگ والوں کی حیثیت سے شناخت کر لیا۔

شناخت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ واقعے کی رات یہی چاروں اہلکار ملزم سلمان ابڑو کے ہمراہ سیاہ رنگ کی گاڑی میں ان کے گھر آئے اور فائرنگ کی جبکہ مقتول کی والدہ نے بیان دیا کہ ان چاروں اہلکاروں نے ہی سلمان ابڑو کو کہا تھا کہ وہ سلیمان کو کسی صورت زندہ نہ چھوڑے جس کے بعد سلمان ابڑو نے ان کے بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ شناختی پریڈ کے بعد پولیس نے چاروں ملزمان کو دوبارہ درخشاں پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔

واضح رہے کہ سلمان ابڑو اور سلیمان لاشاری کا 2 ہفتے قبل گاڑی کی ریس پر جھگڑا ہوا تھا اور وقوعے کے چار روز قبل بھی کیفے کلفٹن پر بھی دونوں میں سخت تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر سلمان ابڑو 4 پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سلیمان لاشاری کے گھر میں گھسا اور اس نے فائرنگ کرکے سلیمان کو قتل کر دیا۔