صدارتی نظام پر بحث کے پیچھے کون ہے؟ رضا ربانی

 Raza Rabbani

Raza Rabbani

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم پر حملہ اس بات کو بےنقاب کرتا ہے کہ صدارتی طرزِ حکومت پر بحث کے پیچھے کون سا ہاتھ ہے۔

رضا ربانی نے ایک بیان میں کہا کہ اٹھارہویں ترمیم اور پارلیمنٹ پر حملہ مطلق العنان، مرکزیت پسند ذہن کی عکاسی کرتا ہے، حکومت کا حال ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ اٹھارہویں ترمیم مہنگائی کنٹرول کرنے اور کرپشن روکنے میں کیسے رکاوٹ ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سابق سفیروں اور تھنک ٹینک کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد بہت سارے مسائل کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسی ماہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے صدارتی نظام کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں صدارتی نظام ہونا چاہیے جبکہ پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا تھا کہ ملک میں اسلامی صدارتی نظام ہونا چاہیے۔