سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو بری کر دیا

Asia Bibi

Asia Bibi

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی آسیہ بی بی کو بری کر دیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ نے موت کی سزا پانے والی آسیہ بی بی کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

واضح رہے کہ مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو نومبر 2010 میں ٹرائل کورٹ نے توہین رسالت کے جرم میں 295 سی کے تحت سزائے موت سنائی تھی، جسے انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

تاہم لاہور ہائیکورٹ نے اکتوبر 2014 میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

جس پر 2014 میں ہی آسیہ بی بی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی گئیں۔

ان اپیلوں پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے رواں ماہ 8 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جو آج سنایا گیا۔