سپریم کورٹ نے ایک سال میں 18 ہزار 927 مقدمات نمٹائے

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے گزشتہ ایک سال میں 18 ہزار 9 سو 27 مقدمات نمٹائے جب کہ اس کے انسانی حقوق سیل نے 46 ہزار 2 سو 87 شکایات نمٹا ئیں۔ نئے عدالتی سال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بتایا کہ 31 اگست 2012 کو سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 20 ہزار 911 تھی۔

یکم ستمبر 2012 سے 6 ستمبر 2013 کے دوران مزید 18 ہزار ایک سو پانچ مقدمات دائر ہوئے لیکن اعلی عدلیہ کے ججز نے دن رات کام کرتے ہوئے 18 ہزار 9 سو 27 مقدمات نمٹائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں 8 ہزار 2 سو 82 مقدمات داخل ہوئے جن میں سے 7 ہزار 8 سو 23 مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔

لاہور میں 6 ہزار 9 سو 54 نئے مقدمات دائر ہوئے، 8 ہزار 348 مقدمات نمٹائے گئے۔ کراچی برانچ رجسٹری میں 1 ہزار 1 سو 32 مقدمات دائر ہوئے ،9 سو 72 مقدمات نمٹائے گئے۔ پشاور برانچ رجسٹری میں 1 ہزار 2 سو 99 نئے مقدمات داخل ہوئے، 1 ہزار3 سو 14 نمٹائے گئے۔ کوئٹہ رجسٹری میں 438 مقدمات داخل ہوئے ، 470 نمٹائے گئے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل کو پچھلے ایک سال میں 45 ہزار 40 شکایات موصول ہوئیں اور مجموعی طور پر 46 ہزار 2 سو 87 شکایات نمٹائی گئیں، اب بھی ساڑھے 17 ہزار شکایات زیر التوا ہیں۔