شام امن مذاکرات: امریکا، سعودی عرب اور شامی اپوزیشن کے احتجاج پر ایران کا دعوت نامہ منسوخ

Syria War

Syria War

نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے مختلف ممالک اور فریقین کی جانب سے شدید تحفظات کے اظہار کے بعد شام میں امن مذاکرات میں ایران کی شرکت کا دعوت نامہ منسوخ کردیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان مارٹن نیسرکی کا کہنا ہے کہ ایران نے شام میں قیام امن کے لئے جون 2012 میں ہونے والے جینیوا معاہدے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد ایران کا شام میں امن کے لئے منعقدہ جینیوا کانفرنس کا دعوت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا، سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کے ایران کو شام میں امن کے لئے ہونے والی دوسری جینیوا کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر سخت تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ شام میں برسرپیکار اپوزیشن اتحاد نے بھی مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔