طالبان سے مذاکرات: فضل الرحمان کی منور حسن سے ملاقات

 

Fazlur Rehman

Fazlur Rehman

اسلام آباد(جیوڈیسک)جماعت اسلامی نے فاٹا میں امن کے لیئے بلائی گئی مولانا فضل الرحمان کی آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت قبول کرلی، فضل الرحمان کہتے ہیں طالبان سے مذاکرات کے سواکوئی راستہ نہیں۔

جی یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کانفرنس کی دعوت دینے وفد کے ہمراہ منصورہ لاہورپہنچے جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے ملاقات کی جس میں انہوں نے اٹھائیس فروری کو اسلام آباد میں ہونے والی اے پی سی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جس پر منور حسن نے ان کو شرکت کی یقین دہانی کروائی۔

جمعیت علمائے اسلام کے رہنما فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے امن کے ساتھ پورے ملک کا امن وابستہ ہے اوراس کے امن کے لیئے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ فاٹا کا جرگہ چاہتا ہے کہ قومی قیادت سے ملاقات کرے اس حوالے سے تمام سیاسی اکابرین کو اٹھائیس فروری کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔ نواز شریف سے بھی پچیس فروری کو ملاقات ہوگی۔ طالبان کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہیئے۔ امن کے لیئے مذاکرات کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

امیر جماعت اسلامی منور حسن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اس کانفرنس میں ضرور شریک ہو گی امن کی کوشش کو کامیاب ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے جان و مال کی ذمہ داری حکومت پرعائد ہوتی ہے۔